ایس ڈی او گیپکو فاروق گنج کیخلاف ملازمین کا احتجاج

 ایس ڈی او گیپکو فاروق گنج کیخلاف ملازمین کا احتجاج

کام چھوڑ ہڑتال ، ماہ جون کی ریکوری متاثر ہونیکا خدشہ،ہٹانے کا مطالبہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )گیپکو فاروق گنج سب ڈویژن کے ایس ڈی او کی مسلسل ہٹ دھرمی گیپکو حکام کیلئے چیلنج بن گئی، ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک، ہائیڈرو یونین پھٹ پڑی، کام چھوڑ ہڑتال کردی ، ماہ جون کی ریکوری متاثر ہونیکے خدشہ، سب ڈویژن کے 49 ملازمین نے ایس ڈی او کے ہٹانے تک ہڑتال کرکے ایکسین کو تحریری شکایت ارسال کردی لیبر یونین کے ڈویژنل چیئرمین راؤ اظہار مقبول اور ڈویژنل سیکرٹری عمران شہزاد کی جانب سے بھیجے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فاروق گنج سب ڈویژن ایک وسیع اور گنجان شہری علاقہ ہے جہاں صارفین کی تعداد 47 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ شہری علاقے میں عام طور پر 18 ہزار صارفین پر ایک سب ڈویژن مشتمل ہوتی ہے ۔ انتہائی قلیل افرادی قوت کے باوجود ملازمین دن رات لائن لاسز میں کمی، ریکوری اور دیگر امور میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایس ڈی او ملازمین کے ساتھ آمرانہ رویہ رکھے ہوئے ہیں ، ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور انہیں زدوکوب کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں