ایران کے مختلف شہروں پر امریکی حملے: تہران، بندرعباس، سیرک اور جزیرہ کیش میں دھماکے

تہران: (دنیا نیوز) امریکہ کے آج رات ایران پر بڑے حملے کے اعلان کے بعد تہران، بندر عباس اور سیریک سمیت ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس اور تہران میں بھی دھماکے سنے گئے، فی الحال دھماکوں کی نوعیت معلوم نہیں ہوئی، دشمن کے حملوں کو روکنے کیلئے مغربی تہران میں فضائی دفاعی نظام فعال ہو گیا ہے۔

امریکی حملوں کے بعد تہران، بندرعباس، میناب، سیرک اور جزیرہ کیش میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایران کے صوبہ فارس اور مغربی تہران میں فضائی دفاعی نظام متحرک ہو گیا۔

ایران میڈیا کے مطابق دھماکوں کی آوازیں خلیج میں جاری جھڑپوں سے متعلق ہیں، کیش اور قشم جزائر میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا بھی کہنا ہے کہ ایران پر نئے حملے شروع کر دیے گئے ہیں، ایران میں متعدد اہداف پر دفاع میں اضافی حملے شروع کیے، ایران میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ آج رات ایران پر بڑا حملہ کرے گا جس میں اہم تنصیبات پر بمباری کی جائے گی۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے کل بھی ایران پر شدید حملے کیے تھے اور آج بھی کریں گے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم شکست خوردہ لوگوں کے ساتھ لڑنے سے نہیں ڈرتے، اگر اس بار جنگ ہوئی تو یہ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں