بغداد میں امریکی سفارت خانے کی شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
بغداد: (دنیا نیوز) ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے پیش نظر بغداد میں امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
امریکی سفارت خانے نے سکیورٹی انتباہ جاری کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے اور مقامی خبروں پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث سفری نظام میں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں، فضائی حدود کی اچانک بندش جیسے اقدامات بھی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے سامنے آ سکتے ہیں، عراق بدستور امریکی سفری ہدایات کے تحت انتہائی خطرے کے درجے میں شامل ہے۔
واشنگٹن نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وجہ سے عراق کا سفر نہ کریں، اس کے ساتھ ہی عراق میں موجود امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے جلد از جلد ملک چھوڑنے کے انتظامات کریں۔