یونیورسٹی کی صفائی کرنے والی خاتون کا ماسٹر پروگرام میں داخلہ حاصل
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک یونیورسٹی میں صفائی کا کام کرنے والی خاتون اپنی غیرمعمولی محنت اور عزم کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جنہوں نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں خود مطالعہ کرکے ماسٹر ڈگری پروگرام میں داخلہ حاصل کر لیا۔
33 سالہ لی جیا کا تعلق چین کے صوبے سیچوان کے شہر چینگڈو سے ہے اور وہ چینگڈو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں کل وقتی کلینر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
لی جیا اور ان کے شوہر ماضی میں یونیورسٹی کیمپس کے قریب ایک ریسٹورنٹ چلاتے تھے، تاہم مالی مشکلات کے باعث انہیں کاروبار بند کرنا پڑا، بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی میں صفائی کا کام شروع کر دیا، جس کے اوقات نسبتاً لچکدار تھے اور گھر کے قریب ہونے کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال بھی آسانی سے کر سکتی تھیں۔
لی جیا کے مطابق صفائی کے دوران انہیں اکثر قومی سطح کے داخلہ امتحانات کے مراکز میں جانے کا موقع ملتا تھا، جہاں وہ ملک بھر سے آنے والے امیدواروں کو دیکھتی تھیں، بعض طلبہ سٹریٹ لائٹس کی روشنی میں پڑھتے تھے جبکہ کچھ بڑی عمر کے افراد بھی مسلسل کوشش کے ساتھ امتحانات میں شریک ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مناظر نے انہیں بے حد متاثر کیا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ بھی اپنی تعلیم کا سفر دوبارہ شروع کریں گی تاکہ اپنے بچوں کے لیے ایک مثبت مثال قائم کر سکیں۔
ماسٹر پروگرام میں داخلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا کیونکہ انہوں نے ووکیشنل سکول سے تعلیم حاصل کی تھی اور ان کے پاس روایتی گریجویشن ڈگری موجود نہیں تھی، اسی وجہ سے انہیں داخلہ امتحان کے ساتھ دو اضافی مضامین کے امتحانات بھی دینا پڑے۔
کام اور گھریلو ذمہ داریوں کے باوجود لی جیا نے سخت محنت جاری رکھی، وہ روزانہ صبح 6 بجے یونیورسٹی پہنچ جاتیں اور صفائی کے دوران ہیڈفونز کے ذریعے سیاست اور انگریزی کے لیکچرز سنتی رہتیں۔
لی جیا کا کہنا ہے کہ اس سفر میں ان کے شوہر نے بھرپور تعاون کیا، جس نے انہیں ہمت نہیں ہارنے دی، ان کی محنت رنگ لائی اور اپریل 2026 میں انہیں تین سالہ ماسٹر پروگرام میں داخلہ مل گیا۔
ان کی کامیابی کی کہانی سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت بن گئی ہے، جہاں صارفین انہیں ثابت قدمی، محنت اور تعلیم سے وابستگی کی ایک بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔