یوٹیوبر کی جانب سے ویڈیو میں زیورات دکھانے پر چور گھر پہنچ گئے
الہ آباد: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک خاتون یوٹیوبر کو اپنے وی لاگ میں سونے کے زیورات دکھانا مہنگا پڑ گیا کیونکہ اگلی ہی رات چور گھر پہنچ گئے اور لاکھوں کے زیورات کے علاوہ دوسرا قیمتی سامان بھی لے گئے۔
انڈین ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق واقعہ مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری کی رہائشی رچنا گجر کے گھر میں پیش آیا جو سوشل میڈیا پر ایک لاکھ کے قریب فالوور رکھتی ہیں، وہ مختلف پوسٹس میں سماجی ایشوز پر بات کرتی رہتی ہیں اور زیادہ تر ویڈیوز گھر میں ہی ریکارڈ کرتی ہیں، جن کو پسند کیا جاتا ہے اور ان پر لائیکس اور کمنٹس بھی بہت زیادہ آتے ہیں۔
انہوں نے ایک ویڈیو میں اپنے گھر کے مختلف حصے دکھائے اور اس دوران انہوں نے کافی زیورات پہن رکھے تھے جبکہ کچھ ان کے سامنے رکھے تھے اور وہ ان کے بارے میں بتا رہی تھیں، انہوں نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی اس امید کے ساتھ کہ اس پر اچھے ویوز اور لائیکس آئیں گے اور شاید ایسا ہوا بھی، مگر ساتھ ہی چور بھی آئے۔
رپورٹ کے مطابق موہانی گاؤں کی رہائشی کے گھر میں رات کو تقریباً دو بجے کچھ لوگ گھس گئے اور خاتون سمیت ان کے گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کر کے تلاشی لی اور وہ زیورات ڈھونڈنے میں کامیاب رہے جو انہوں نے پوسٹ میں دکھائے تھے۔
رچنا گجر کا کہنا ہے کہ 10 لاکھ کے زیورات کے علاوہ دوسرا قیمتی سامان بھی اٹھا کر لے گئے، انہوں نے پہلے سب کو جگایا اور پھر کمرے میں بند کر دیا اور زیورات و قیمتی سامان کے علاوہ انرجی ڈرنک کا ایک کارٹن بھی لے گئے۔
رچنا کا کہنا تھا کہ اگرچہ گھر میں سی سی ٹی کیمرے لگے ہیں مگر ایک تو انہوں نے منہ چھپائے ہوئے تھے اور دوسرا لاٹھی کی مدد سے ان کے رخ دوسری طرف پھیر دیے اس لیے ان کی پہچان نہیں ہو سکی، نوار پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرا دی گئی۔
ایڈیشنل ایس پی سنجیو میول نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اگرچہ سی سی ٹی وی فوٹیج واضح نہیں مگر پھر بھی باریک بینی سے ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایک میں کچھ افراد چہرہ چھپائے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جو لاٹھی کی مدد سے کیمرے کا رخ موڑ رہے ہیں۔