انسٹاگرام نے پروفائل گرڈ ری آرڈر کرنے کا نیا فیچر متعارف کرا دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے بالآخر وہ فیچر متعارف کرا دیا جس کا صارفین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے، اب صارفین اپنی پروفائل کی گرڈ میں موجود پوسٹس کو اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی ترتیب میں سیٹ کر سکیں گے، چاہے وہ پوسٹس کسی بھی وقت شیئر کی گئی ہوں۔

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پلیٹ فارم کے مطابق یہ سہولت مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کی جا رہی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس فیچر کو درست انداز میں متعارف کرانا چاہتی تھی، اسی لیے اس میں وقت لگا۔

نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی پروفائل گرڈ میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو ڈریگ اینڈ ڈراپ کے ذریعے نئی پوزیشن پر منتقل کر سکیں گے، تاہم اگر کسی پوسٹ کو پہلے سے پِن کیا گیا ہے تو وہ پروفائل کے اوپر ہی برقرار رہے گی اور ری آرڈر سکرین پر دھندلی دکھائی دے گی، یعنی اسے وہاں سے ہٹایا نہیں جا سکے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فیچر کی ابتدائی جھلک 2022 میں سامنے آئی تھی جب ایپ فیچرز کی پیشگی نشاندہی کرنے والے  الیسینڈرو پیلوزی نے انسٹاگرام میں ایڈٹ گرڈ نامی آپشن دریافت کیا تھا۔

یہ فیچر انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے اعلان کے تقریباً ایک سال بعد باقاعدہ طور پر صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے، جس کے بعد پروفائل کسٹمائزیشن کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں