یو نیو رسٹی اراضی پر سرکاری دفاتر کے قیام کی خبروں پر تشویش

 یو نیو رسٹی اراضی پر سرکاری دفاتر کے قیام کی خبروں پر تشویش

تعلیمی اداروں کی اراضی کو دیگر مقاصد کے استعمال سے منفی اثرات ہونگے :سٹاف

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی آل سٹاف ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے امام بی بی کیمپس کی 120 ایکڑ اراضی سرکاری دفاتر کے قیام کیلئے حاصل کئے جانے کی خبروں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ خطے میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کا ایک نمایاں اور واحد جامع ادارہ ہے جو ہزاروں طالبات کو معیاری تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کر رہا ہے ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کی اراضی میں کمی مستقبل میں اس ادارے کی توسیع، ترقی اور طالبات کیلئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔شرکا نے متفقہ طور پر مؤقف اختیار کیا کہ تعلیمی اداروں کی اراضی کو دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنا خواتین کی تعلیم کے فروغ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مترادف ہے ۔ آل سٹاف ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب ،محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد،پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ،وزیر تعلیم پنجاب اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے پْرزور اپیل کی کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی اراضی کو محفوظ رکھا جائے اور اس کے حصول کے کسی بھی منصوبے پر نظرثانی کی جائے تاکہ خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے اس اہم مرکز کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں