ڈویژن میں 8 لاکھ 35 ہزار ایکڑ پر دھان کا شت کا ہدف
کسان کارڈ کا اجرا اور سبسڈی پر ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں:کمشنر کا خطاب
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ کسانوں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ بہتری لائی جا سکتی ہے ،اس سال حکومت پنجاب محکمہ زراعت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے لیے 834980 ایکڑ رقبہ پر دھان کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے،بر وقت زرعی مداخل کے حصول کیلئے کسان کارڈ کا اجرا اور گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کسانوں کو سبسڈی پر ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام منعقدہ سرسبز دھان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی ہمراہ تھے جبکہ ڈائریکٹر زراعت توسیع گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع گوجرانوالہ ڈاکٹر مرزا محمد قدیر بیگ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع غلام فرید اور کاشتکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔بعد ازاں کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گندم اور دھان کی فصلوں کی کاشت میں استعمال ہونے والی جدید زرعی مشینری کا بھی جائزہ لیا۔