ماس ٹرانزٹ کوریڈور ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا : کمشنر

ماس ٹرانزٹ کوریڈور ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا : کمشنر

سفری سہو لیات کے ساتھ ٹریفک کے بہائو میں بھی معاون ہوگا :پراجیکٹ ڈائریکٹر

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا ہے کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ گوجرانوالہ کی شہری ترقی، ٹریفک کے مسائل کے پائیدار حل اور عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر)زاہد سعید کے ہمراہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرئوف ،سی ٹی او محمد وسیم ،ڈی جی پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، مجوزہ روٹس، انفراسٹرکچر کی ضروریات، زمین کے استعمال، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر تکنیکی امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو منصوبے پر جاری پیش رفت اور آئندہ مراحل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کو جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں