حافظ آباد : سپورٹس جمنازیم کی تعمیر نامکمل، مشینری ناکارہ
2سال سے زیر تعمیر جمنازیم کو مارچ میں وزیر سپورٹس نے ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے 2ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا ، بااثر کنٹریکٹر نے احکامات ہوا میں اڑا دئیے
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں سپورٹس جمنازیم کا تعمیراتی کام 2 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا،فزیکل ایکسر سائز کیلئے جدید مشینری اور سپورٹس کا دیگر سامان ناکارہ ہونے لگا۔سب انجینئراور بااثرکنٹریکٹر نے صوبائی وزیر سپورٹس ملک فیصل ایوب کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دئیے ،صوبائی وزیر نے سپورٹس جمنازیم کا کام دو ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔محکمہ سپورٹس کی جانب سے حافظ آباد جمنازیم میں انڈور گیمز کی بہتر سہولیات کی دستیابی اور تعمیر و مرمت کا کام دو سال قبل شروع کیا گیا جو ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا جبکہ پنجاب بھر میں سپورٹس جمنازیم کے تعمیراتی کام کو کئی ماہ قبل مکمل کر لیا گیا تھا۔
صوبائی وزیرسپورٹس ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کے ہمراہ 3 ماہ قبل سپورٹس جمنازیم حافظ آباد کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹرکو جمنازیم کا کام دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی لیکن پی ایم یو کے سب انجینئر بابر چٹھہ اور کنٹریکٹر رانا وقاص نے صوبائی وزیر کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور ابھی تک نہ تو جمنازیم کا فرش مکمل ہو سکا اور نہ ہی بیرونی تعمیراتی کام مکمل کیا جا سکا ۔ شہر کے سینکڑوں نوجوان،مردو خواتین اور بچے 2 سال سے جمنازیم میں بیڈ منٹن،ٹیبل ٹینس،مرد و خواتین کی فزیکل ایکسر سائز سمیت دیگر انڈور گیمز کی سہولت سے محروم ہیں۔