عزاداروں کو ہر ممکن سہو لیات فراہم کرینگے :ڈپٹی کمشنر
وزیر آ باد میں امام بارگاہوں کا دورہ ، تمام محکمے متحرک رہیں گے :نوید احمد
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ایس پی سول لائن محمد عمران اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلہ میں جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مثمن برج، سی ای او بلدیہ الفت شہزاد گوندل، پیر عابد باجوہ اور عقیدت محسن شاہ نے محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور روٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے وزیرآباد میں 3 امام بارگاہوں کا معائنہ کیا اور لائسنس ہولڈرز سے ملاقات کرکے انتظامات اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں، مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر متحرک رہیں گے ۔اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کی جانب سے قائم واٹس ایپ گروپ کو فوری شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت حل کیلئے مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا۔ لائسنس ہولڈرز بالخصوص اختیار علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ایس پی سول لائن، پولیس اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیا ہے۔