اہم سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت
ڈی سی کی زیر صدارت واسا کے منصوبوں کی پیشرفت ‘صفائی آپریشنز کاجائزہ،تعمیراتی سرگرمیوں سے متاثر ہ سڑکوں کی بحالی کا جامع منصوبہ آئندہ اجلاس میں طلب
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر،سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی زیرِ صدارت واسا گوجرانوالہ کی سیوریج و ڈرینج منصوبوں کی پیشرفت اور نشیبی علاقوں سے نکاسیٔ آب بارے جائزہ اجلاس ہوا۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں، بالخصوص نشیبی علاقوں سے نکاسیٔ آب منصوبوں پر پیشرفت، مدتِ تکمیل، التوا کا شکار سکیموں اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنرز، ایم ڈی واسا عبدالوحید اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ ایم ڈی واسا نے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے متاثر ہونیوالی اہم شاہراہوں کی مستقل بحالی کیلئے جامع منصوبہ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور صفائی و نکاسیٔ آب کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے بعد ستھرا پنجاب زیرو ویسٹ مہم کے حوالے سے شام کا جائزہ اجلاس بھی ہوا۔ شہر و ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال، کوڑا دانوں کو بروقت خالی کرانے ، گھروں سے کوڑے کی کولیکشن، نالیوں کی مسلسل ڈیسلٹنگ، مشینری اور افرادی قوت کے مؤثر استعمال، سڑکوں کی صفائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عبدالرزاق ڈوگر نے صفائی آپریشنز پربریفنگ دی۔ اجلاس میں شہری شکایات اور مختلف ذرائع سے موصول صفائی سے متعلق نشاندہیوں پر ہونیوالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل(میونسپل سروسز) ذیشان ندیم، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسر شریک تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments