واٹر سٹوریج سیوریج مکمل:سٹرکوں کی ایک ہفتے میں بحالی کا حکم
جناح روڈ، فرنیچر مارکیٹ روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ پرکام میں تاخیر پر ڈپٹی کمشنر برہم ،مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف مقدمات کا اعلان
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)سڑکوں کی بحالی میں تاخیر پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لے لیا ، ایک ہفتے میں کام مکمل کرنے کا حکم دیدیا ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے جناح روڈ، فرنیچر مارکیٹ روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ کا دورہ کیا ۔ واٹر سٹوریج اور سیوریج پائپ لائن منصوبوں کی تکمیل کے بعد سڑکوں کی بحالی کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔سڑکوں کی بحالی کے کاموں میں سست روی اور تاخیر پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ تمام بحالی کے کام آئندہ ایک ہفتے کے اندر ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں ایم ڈی واسا سمیت ذمہ دار افسر وں و اہلکاروں اور کنٹریکٹرز کیخلاف مقدمات درج کرانے کے ساتھ ساتھ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کچا ایمن آباد روڈ، پپلی والا چوک سے ملحقہ علاقوں اور سٹی فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ریلوے لائن اور سیالکوٹی پھاٹک سے شیرانوالہ باغ تک صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو ریلوے لائن کے اطراف موجود کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر کلیئر کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کچرے کے ڈھیروں کے بروقت خاتمے کے ساتھ ساتھ صفائی کے تسلسل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments