علی پورچٹھہ :ہفتہ وحدت مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا
جشن صادقین کی تقریبات میں علما ، نعت خواں اور عقیدت مندوں نے بھرپور شرکت
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں ہفتہ وحدت مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا ، جشن صادقین کی تقریبات میں علما ، نعت خواں اور عقیدت مندوں نے بھرپور شرکت کی۔ ہفتہ وحدت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات سے مولانا محسن کاظمی، سید جاوید نجفی اور مولانا نصیر حسین اوردیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے سیرت رسول اکرم ؐاور تعلیمات اہل بیت کی روشنی میں اتحاد، اخوت اور انسانی اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔مقررین نے کہا کہ نبی رحمت ؐ کی ولادت باسعادت نے ظلم و جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور انسان کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کی بنیاد فراہم کی۔
آپ ؐ انسانیت کی رہنمائی اور معاشرے کو عدل، اخلاق اور فطرت الٰہی کے اصولوں پر استوار کرنے کیلئے تشریف لائے ۔مولانا محسن کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرتی اصلاح کیلئے سیرت النبیؐ کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ناگزیر ہو چکا ،رسول اللہ ؐنے اپنے کردار و عمل سے جہالت زدہ معاشرے کو اخلاق، اصول اور انسانی مساوات کی بنیاد پر مثالی معاشرے میں تبدیل کیا۔ تقریبات کے دوران درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل بھی منعقد ہوئیں جبکہ شرکا نے اتحاد امت، محبت، اخوت اور باہمی رواداری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments