جنگ ستمبر ،راہوالی پرصبح سویرے دشمن طیاروں کی بمباری
حملے میں کمسن لڑکا پہلا شہید ،گکھڑ میں لیگی رہنما کی بیٹی جام شہادت نوش کر گئی
راہوالی (نامہ نگار)6 ستمبر 1965پاک افواج اور عوام کی یکجہتی دلیری اور بہادری کا یادگار دن جب پاکستان کے ازلی دشمن ہندوستان نے رات کے اندھیرے میں بزدلوں کی طرح پاک سرزمین پر حملہ کیا تو پاک فوج کے جوانوں نے پیش قدمی کو روک کر پسپائی پر مجبور کردیا ، 6ستمبر کی صبح راہوالی کے شہریوں پر بھی دشمن کے دو بمبار طیاروں نے حملہ کیا،راہوالی کے فتح محمد وڑائچ نمبردار کے 10سالہ بیٹے عارف نے فضائی حملے میں پاکستان کا پہلا شہری شہید ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ دشمن طیار وں نے گکھڑ منڈی اور دھونکل ریلوے سٹیشن پر بمباری کی ،ہیڈ مرالہ کے قریب دشمن کا طیارہ شاہینوں نے گرا دیا ، گکھڑ ریلوے سٹیشن پر کھڑی مال گاڑی اور دھونکل ریلوے سٹیشن پر کھڑی مسافر گاڑی پر بمباری کی گئی جہاں وزیرآباد کے مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر طوسی کی بیٹی ایف اے کی طالبہ شہید ہوگئی جبکہ گکھڑ میں شفقت باجوہ شہید ہوئے ، دن 12بجے کے بعد فیلڈ مارشل ایوب خاں کی جانب سے نشری تقریر میں دشمن کیخلاف اعلان جنگ کرنے پر شہری میدان میں نکل آئے اور افواج کا حوصلہ بلند کرنے اور امداد پہنچانے لگے ، راہوالی ریلوے سٹیشن چونڈہ میں 600ٹینکوں کے حملہ کا دفاع کرنے کیلئے دوسری دفاعی لائن ثابت ہوا جہاں ہر قسم کا اسلحہ اور ٹینک و دیگر فوجی سامان پہنچایا جانے لگا تو راہوالی کے نوجوان جن میں راقم الحروف بھی شامل تھا ،فوج کے جوانوں کیساتھ ریل گاڑیوں سے اسلحہ اتار کر ٹرکوں میں لوڈ کرتے رہتے یہ سلسلہ تقریباً ایک ماہ جاری رہا ،جنگ ستمبر کے تناظر میں 1968 میں گوجرانوالہ چھائونی قائم کی گئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments