چنیوٹ:اتائیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنیکی ہدایت
زائد المیعاد ادویات کی فروخت سمیت قوانین کی خلاف ورزیوں کے 15 کیسز کا جائزہ
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر غزالہ یاسین کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ادویات کے معیار، دستیابی، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کی چیکنگ، ڈرگ قوانین پر عمل درآمد اور اتائیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر ناعیمہ اشرف، سیکرٹری کنٹرول بورڈ، ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کے معائنے ، ادویات کے نمونہ جات، لائسنسنگ، غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت سمیت قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق 15 کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے بورڈ کو فیلڈ میں جاری کارروائیوں اور زیرِ سماعت کیسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اتائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طور پر طبی پریکٹس کرنے والے افراد کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر مستند افراد کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، اس لیے متعلقہ افسران اتائیوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائیں اور ایسے مراکز کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments