پاکستان سے مضبوط تجارتی روابط چاہتے ہیں :یورپی یونین سفیر
ریمنڈاس کاروبلس کا وفد کیساتھ سیالکوٹ چیمبر کا دورہ ، کاروباری افراد سے ملاقاتیں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلس نے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیمبر کے عہدیدار وں اور کاروباری افراد سے ملاقات کی ، اس موقع پر پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات، باہمی تجارت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور سیالکوٹ کی صنعت و برآمدی شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیالکوٹ چیمبر آمد پر صدر احتشام مظہر گیلانی، صدر و یمن چیمبر آف کامرس ڈاکٹر مریم نعمان نے استقبال کیا ۔ سیالکوٹ چیمبر کے عہدیداروں نے یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات خصوصاً سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی رسائی، تجارت میں درپیش مشکلات اور کاروباری تعاون کے مزید مواقع پر گفتگو کی۔ یورپی یونین کے سفیر نے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے کردار اور برآمدی صنعت کی اہمیت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر احتشام مظہر گیلانی نے سفیر کو سیالکوٹ میں تیار سرجیکل آلات کی کٹ اور یادگاری شیلڈ پیش کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments