اقدام قتل کے مجرم کو 7 سال قید ،10لاکھ ادائیگی کا حکم
دامان کی رقم زخمی کو ادا کئے جانے تک مجرم شعیب کو جیل میں رکھا جائیگا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ واہنڈو کے اقدام قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم شعیب علی کو 7 سال قید کی سزا اور مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیدیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کامونکے رابعہ سلیم کے فیصلے کے مطابق مجرم شعیب علی 5لاکھ روپے معاوضہ جبکہ5لاکھ روپے دامان شدید زخمی حسین افتخار کو ادا کرے گا۔ عدالت نے واضح کیا کہ دامان کی رقم زخمی کو ادا کئے جانے تک مجرم کو جیل میں رکھا جائے گا۔ مدعی مقدمہ افتخار علی نے تھانہ واہنڈو میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 31 اکتوبر 2024 کو عبدالستار اور عبدالجبار کے اکسانے پر شعیب علی نے فائرنگ کرکے اس کے بیٹے حسین افتخار کو شدید زخمی کر دیا تھا۔عدالت نے مقدمہ میں نامزد دونوں شریک ملزموں عبدالستار اور عبدالجبار کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ فائرنگ کے واقعہ کی وجہ عناد رشتہ داری کا تنازع تھا۔ حسین افتخار کی چچازاد سے شعیب علی کے کزن کی منگنی ختم ہوگئی تھی جس کے بعد حسین افتخار کی منگنی اس کی پھوپھی زاد سے طے پا گئی جس پر شعیب علی کو رنج تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments