گوجرانوالہ چیمبر کا جی ٹی روڈ کی حالت بہتر بنانے کا مطالبہ
ضیا اللہ عرفانی کی قیادت میں وفد کی چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف سے ملاقات
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے وفد کی چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف سے ملاقات، وفد نے سہیل اشرف کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔وفد میں قائد بزنس گروپ ضیا اللہ عرفانی، سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر میاں عمر سلیم اور وقاص افضل مغل شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران گوجرانوالہ، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان اہم تجارتی شاہراہ جی ٹی روڈ کی ناگفتہ بہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سڑک کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں و کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی۔ وفد نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی اسلام آباد میں عوامی سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیش رفت کو سراہتے ہوئے ان کے دبنگ اور فعال اندازِ کارکردگی کی تعریف کی۔ وفد نے اسلام آباد میں جاری زیرِ تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ سہیل اشرف عوامی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے ساتھ ساتھ جی ٹی روڈ کی بحالی اور بہتری کیلئے بھی متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments