وزیرآباد:ریلوے جنکشن کی عمارت خستہ حال
ملک کا دوسرا بڑا ریلوے سٹیشن جنکشن ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم‘19سال قبل جدید طرز پر بنانے کا وعدہ پورا نہ ہو سکا،نا خوشگوار واقعہ کا خدشہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد پاکستان کا دوسرا بڑا ریلوے سٹیشن جنکشن ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہے ،تاریخی ریلوے سٹیشن کی عمارت خستہ حالی کی تصویر پیش کرنے لگی ، مسافر خانوں کی چھتیں گر رہی ہیں اور فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ، ریلوے جنکشن کی حالت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے ۔ وزیرآباد ریلوے جنکشن تاریخی اہمیت اور جغرافیائی محل وقوع کے باعث مسافروں کیلئے اہمیت رکھتا ہے لیکن یہاں آنے اور جانے والے مسافروں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش ہے ، سٹیشن کی عمارت پرانی ہونے کی وجہ سے مختلف حصے خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ مسافر خانوں کی چھتوں سے ملبہ گرنے اور فرش ٹوٹنے کے باعث کسی ناخوشگوار واقعہ کا خدشہ بھی موجود ہے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ سٹیشن پر سہولیات کی بہتری اور عمارت کی مرمت کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔19 سال قبل اس وقت کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سٹیشن کے باہر قائم مسافر خانوں کی عمارت اور بیرونی دیواریں یہ کہہ کر مسمار کروا دیں کہ ریلوے سٹیشن کو جدید طرز تعمیر کے مطابق بنایا جائے گا لیکن دو دہائیاں گزرنے کو ہیں اس دوران کئی حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن بار ہا نشاند ہی کے باوجود کسی نے بھی اس ریلوے سٹیشن جنکشن کی حالت زار پر ترس نہ کھایا ،ریلوے سٹیشن کا ملبہ اور دیگر سامان بھی غائب ہوتا رہا۔شہریوں اور مسافروں نے وزیر ریلو یز حنیف عباسی سے اپیل کی ہے کہ ریلوے سٹیشن کی بیرونی عمارت کی تعمیر سمیت دیگر حصوں مسافر خانوں اور دفاتر کو بھی از سر نو تعمیر کر ایا جائے تا کہ مسافروں کو محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments