انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے :احسن اقبال
دہشت گردی اور سیاسی انتشار پاکستان کے خلاف بڑے چیلنجز ہیں :وفاقی وزیر پنجاب حکومت کی گرین ٹریکٹر سکیم کسان دوست سکیم :تقریبات سے خطاب
نارووال(خبر نگار،این این آئی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی ضرورت، سیاستدان قومی مفاد میں مل بیٹھیں، پائیدار ترقی کیلئے ہمیں ملک میں امن لانا ہوگا ،حکومت زرعی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف جارہی ہے ،پاکستان کو انتشار کی بجائے امن کی ضرورت ہے ،گرین ٹریکٹر جیسے کسان دوست منصوبہ پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نارروال کے زیر اہتمام سپورٹس گالا تقریب اور وزیراعلٰی پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ بھارت اب پاکستان کے خلاف غیر روایتی جنگ لڑ رہا ہے ، دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے ،دہشت گردی اور سیاسی انتشار پاکستان کے خلاف بڑے چیلنجز ہیں ،پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ کامیابیوں میں سیاسی اور عسکری قیادت کا اہم کردار ہے ،اصلاحات ایک مسلسل عمل ہے اسے روکنا نہیں چاہیے ، 50سال پرانے انتظامی نظام سے چمٹے رہنا درست نہیں، قومی مکالمے سے انتظامی اصلاحات کی راہ ہموار ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ملک ہوتے ہوئے ہم سالانہ 4 ارب روپے کا خوردنی تیل امپورٹ کرتے ہیں،اضافی پیداوار کیلئے بہترین بیج اور جدید طریقہ کار اپنانا ہوں گے ،پنجاب حکومت کی گرین ٹریکٹر سکیم کسان دوست سکیم ہے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی نے ٹریکٹر سکیم کے تحت ٹریکٹر حاصل کرنے والے 144 خوش قسمت کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انوار الحق، چیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ وسیم ، رانا منان خان،ڈپٹی کمشنر نارووال طیب خان و دیگر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments