کرتارپور :سکھ یاتریوں کیلئے سہولیات، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

کرتارپور :سکھ یاتریوں کیلئے سہولیات، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل :رمیش سنگھ اروڑہ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر، ڈپٹی کمشنر نارووال محمد طیب خان اور ڈی پی او ملک نوید کے ہمراہ گوردوارہ صاحب کرتارپور کا دورہ کیا اور سکھ یاتریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کے افسر بھی موجود تھے ۔دورے کے دوران وفد نے گوردوارہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔ موبائل ہیلتھ یونٹ، ریسکیو 1122 کے امدادی کاؤنٹر، لنگر ہال اور سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے وفد کو یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، طبی امداد، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مذہبی آزادی کا احترام، تمام مذاہب کے پیروکاروں کو عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ کرتارپور بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، امن اور مذہبی احترام کی خوبصورت مثال ہے ۔ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین مہمان نوازی اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔کمشنر محمد علی نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے اور عبادات کی ادائیگی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ سکھ یاتریوں کی آمد سے واپسی تک سہولیات، سکیورٹی، صحت اور دیگر ضروری انتظامات کو مؤثر بنانا متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...