جماعت اسلامی کا 6دسمبر کو مینار پاکستان پر جلسہ‘زونل امرا کا اجلاس
جلسے کی تیاریوں کیلئے منظم انداز میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی :شرکا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ضلع گوجرانوالہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام6دسمبر کو مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے زونل امراء کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائم مقام جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان نذیر احمد جنجوعہ اور امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مظہر اقبال راندھاوا، امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ خالد محمود چہل ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری بشارت علی صدیقی، نائب امراء فرقان عزیز بٹ، یوسف بٹ اور محمود خان، سیکرٹری اطلاعات خرم سلیم، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وجاہت علی مغل اور ڈپٹی سیکرٹری محمد ابتسام گل بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں جلسہ عام کے انتظامات، تیاریوں، عوامی رابطہ مہم، مختلف زونز کی کارکردگی اور گوجرانوالہ سے کارکنوں اور شہریوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ مقامی قیادت اور زونل ذمہ داران نے اپنی تجاویز پیش کیں اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلسہ عام کی تیاریوں کیلئے منظم انداز میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی۔ اور گوجرانوالہ سے ہزاروں کارکن جلسے میں شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر مرکزی اور صوبائی قیادت نے ذمہ داران کو تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments