مشتاق احمد یوسفی منفرد اسلوب کے بڑے مزاح نگار :افتخار عارف
وہ عہد ظرافت کا آغاز تھے :پروفیسر فتح محمد ملک ، کشور ناہید، انور مسعود، مسعود مفتی
اسلام آباد (سٹی رپورٹر) مشتاق احمد یوسفی منفرد اسلوب کے بڑے مزاح نگار تھے ،شاید ہی کوئی دوسرا نثر نگار ہو جس کے جملے عوام اور خواص کے حافظے میں یوں محفوظ ہوں جیسے اشعار محفوظ ہوتے ہیں، یہ صرف یوسفی کا ہی اسلوب ہے ، ان خیالات کا اظہار افتخار عارف نے اکادمی ادبیات کے ’’مشتاق احمد یوسفی قومی ادبی تعزیتی ریفرنس‘‘ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین اکادمی سید جنید اخلاق نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پروفیسر فتح محمد ملک، کشور ناہید، پروفیسر انور مسعود اور مسعود مفتی نے مشتاق احمد یوسفی کی ذات اور ادبی خدمات کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے ۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد یوسفی نے طنزو مزاح کے حوالے سے اپنا الگ مقام بنایا۔ وہ پاکستانی ادب کے معماروں میں شامل ہیں۔ اُن کے لفظوں کے مساموں سے شگفتگی پھوٹتی تھی۔ وہ عہد ِ ظرافت کا آغازتھے ، اُن کی رحلت سے عہد ظرافت اختتام کو پہنچا۔