بلدیاتی انتخابات: اسلام آباد میں‌ طاقتور مقامی حکومتیں بنیں گی: علی نواز اعوان

بلدیاتی انتخابات: اسلام آباد میں‌ طاقتور مقامی حکومتیں بنیں گی: علی نواز اعوان

نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت اسلام آباد میں 100نیبر ہڈ کونسلز کا قیام عمل میں آئے گا اور میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا،نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی تشکیل میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کلیدی کردار ادا کیا ،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کا بیان

اسلام آباد ( اپنے رپورٹرسے )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات جلد ہوں گے اور نیا سیٹ اپ انتظامی اور مالی لحاظ سے انتہائی موثر اور طاقتور ہوگا،صدر عارف علوی کی طرف سے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے اجرا کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک جامع دستاویز ہے ، جس میں مقامی حکومت کے اختیارات، فنڈز اور دائرہ اختیار سمیت تمام مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے تحت مقامی حکومت کے نمائندے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی اپنی آرا دے سکیں گے ، انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے اسلام آباد سے ایم این اے کی تینوں نشستیں جیتیں جس کی بڑی وجہ پی ٹی آئی کی طرف سے مقامی حکومتوں میں بہترین کارکردگی تھی 2018 کے انتخابات میں 3میں سے 2 ایم این ایز مقامی حکومتوں سے سامنے آئے انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے ایک طاقتور مقامی حکومت متعارف کرائی جائے گی، اس ایکٹ کے تحت میئر کا انتخاب براہ راست کیا جائے گا اور تقریباً 100 نیبر ہڈ کونسلیں ہوں گی جن میں سے ہر ایک میں 20,000 افراد شامل ہوں گے ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے تعاون اور رہنمائی کے بغیر یہ ایکٹ کابینہ سے تیار اور پاس نہیں کیا جا سکتا تھا،اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے جن میں بیرون ملک اسلام آباد کے شہری بھی حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں