سی ڈی اے فائونڈیشن منظوری کے باوجودتشکیل نہ دی جاسکی

سی ڈی اے فائونڈیشن منظوری کے باوجودتشکیل نہ دی جاسکی

اسلام آباد(ماہتاب بشیر)سی ڈی اے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے 2007میں منعقدہ پندرہویں اجلاس میں سی ڈی اے فائونڈیشن کی تشکیل کی منظوری دی گئی تھی تاہم سولہ سال گزرنے کے باوجود عملدر آمد نہ ہو سکا۔۔۔

 سی ڈی اے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے اس حوالے سے عملدر آمد کے لئے سیکرٹری سی ڈی اے بورڈ کو اجلاس طلب کرنے کا مراسلہ لکھ دیا ہے ، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جون دو ہزار سات میں سی ڈی اے فائونڈیشن کی تشکیل کے لئے سی ڈی اے بورڈ نے باقاعدہ منظوری دی تھی جس کا مقصد فوجی فائونڈیشن و دیگرفائونڈیشنز کے طرز پر ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا تھا ۔ فائونڈیشن کے لئے دفتر کا تعین کر لیاگیا، اغراض و مقاصد ، طریقہ کار، منیجنگ ڈائریکٹرکی تعیناتی ، ملازمین کی بھرتیوں سمیت دیگر منصوبوں و معاملات کے لئے ڈائریکٹر ایچ آر ڈی، ڈائریکٹر لا ، ڈپٹی فنانشل ایڈ وائزر سمیت دیگر متعلقہ افسران پر مشتمل اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا،سی ڈی اے حکام کے مطابق سی ڈی اے فائونڈیشن ،فو جی فائونڈیشن کی طرز پر قائم کی جائے گی جس کے قیام کا مقصد ادارے کے سترہ ہزار ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبے تشکیل دینا ہوگا ، مراسلہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اجلاس میں سی ڈی اے فائونڈیشن کے قیام کے لئے ایک کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے ، تاہم فائونڈیشن کی رجسٹریشن کا عمل سولہ سال گزرنے پر بھی نہیں کرایا جا سکا ۔ مراسلہ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تا حال فائونڈیشن کے قیام کے لئے مختص ایک کروڑ کی رقم کا معلوم نہیں ہو سکا کہ کہاں خرچ کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں