ڈاکوؤں نے جیولری شاپ لوٹ لی،سعودی پلٹ شہری بھی لٹ گیا
اسلام آباد،راولپنڈی (خبر نگار) جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر، سٹر یٹ کرائم، چوری وغیرہ کی وارداتوں میں شہریوں کو تین گاڑیوں،رکشہ ، 30موٹر سائیکلوں،50ہزار سعودی ریال۔۔۔
لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا،تھانہ کورال پولیس کو سعودی پلٹ شہری ریاست نے بتایا کہ بھتیجے فاروق اور بھائی لیاقت کے ہمراہ ایئرپورٹ سے واپس آ رہا تھا کہ پولیس وردی میں ملبوس وائرلیس اٹھائے افراد نے تلاشی کے بہانے 50ہزار سعودی ریال،پاکستانی دو ہزار چار سو روپے اور قومی شناختی کارڈ چھین لیااور فرار ہو گئے ،تھانہ رمنا کی حدود میں صائمہ سے اسلحہ کی نوک پر پرس اور موبائل فون،تھانہ سنگجانی کی حدود میں یوسف کے سی این جی سٹیشن سے اسلحہ کی نوک پر 54ہزار آٹھ سو روپے ، تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں راشد کی جیولری شاپ سے اسلحہ کی نوک پر 77تولے سونا، نقدی تین لاکھ 62ہزار روپے ، دو عدد موبائل فونز اور سکیورٹی گارڈ کی گن چھین لی گئی، تھانہ کوہسار کی حدود میں گل نواز کے ایک کروڑ 40لاکھ روپے سلیم، عبد الحق، زبیع اللہ اور صابر نے چوری کر لئے ۔ ادھر راولپنڈی تھانہ کینٹ کو علی رضا نے بتایا کہ میں ایک نجی کمپنی میں ملازم ہو ں، اپنے مالک کا چیک کیش کروا کرواپس آرہا تھا کہ تین نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار نے مجھے روک کر مجھ سے موبائل فون اور نقدی مالیتی45لاکھ پانچ ہزار روپے گن پوائنٹ پر چھین کر فرار ہوگئے ،نیو ٹاؤن پولیس کو محمد رمضان نے بتایا کہ تین نامعلوم اسلحہ کی نوک پر موبائل فون اور نقدی لیکر فرار ہو گئے ،وارث خان پولیس کو مشتاق نے بتایا کہ گھر سے کوئی نامعلوم چور سونا 12تولہ چوری کر کے لے گیا،ائیر پورٹ پولیس کو عاطف نے بتایا کہ گھر سے کوئی نامعلوم چور تالے توڑ کر نقدی 8لاکھ روپے ، سونا مالیت چھ لاکھ روپے چوری کر کے لے گیا،پولیس نے مقدمات درج کر لئے ۔