معاشی ترقی کیلئے تعلیمی نظام کی بہتری ناگزیر، مدد علی سندھی
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، خصوصی رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گزشتہ روز یونیورسٹیوں کے تعاون سے طلبہ کے مابین بزنس پلان مقابلے کا اہتمام کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی مہمان خصوصی تھے ،متعدد جامعات کے طلبہ نے بزنس پلان مقابلے میں حصہ لیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے تعلیمی نظام کو بہتر کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے ،تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر بہتر ترقی حاصل نہیں کر سکتی،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ انٹر یونیورسٹی بزنس پلان مقابلے کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ، چیمبر کے سینئر نائب صدر فہد وحید نے کہا کہ صنعتی شعبے کو ہنر مند کارکنوں کی کمی کا سامنا ہے لہذا انہوں نے اکیڈمیا انڈسٹری روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے انڈسٹری کو اپنی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت حاصل ہو گی اور صنعتی پیداوار بہتر ہو گی۔