سی ڈے اے دیوالیہ ہونے کا خدشہ،دوماہ کے اخراجات کا بجٹ رہ گیا
اسلام آباد(ماہتاب بشیر ،خصوصی رپورٹر) اٹھارہ ہزار ملازمین پر مشتمل ادارہ سی ڈی اے فنڈز کی کمی کا شکار ہو گیا۔۔۔
دو ارب سے زائد سالانہ بجٹ والے ادارے کے دو سال میں ڈیفالٹ کے قریب پہنچنے کے خدشات کا اظہار کیا جانے لگا ہے ،سی ڈی اے ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے پاس صرف ایک سے دو ماہ کے اخراجات کا بجٹ رہ گیا ہے ، سی ڈی اے بورڈ ممبران آپس میں گتھم گتھا ہیں جس کے باعث ادارہ تباہ ہو رہا ہے ، رہا ئشی و کمر شل نیلامی میں فروخت کئے گئے پلاٹوں کی اقساط روک دی گئی ہیں جبکہ کیپٹل سٹریٹ منصوبے میں فروخت کئے گئے 18 پلاٹوں میں سے 10 سرمایہ کاروں نے ادائیگی سے انکار کردیا تھا، اس حوالے سے سی ڈی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے ریونیو وسائل میں اضافہ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ، بورڈ ممبران کی تقرری و تبادلے وفاقی حکومت کی صوابدید ہے ، آئندہ ماہ سی ڈی اے کمرشل و رہائشی پلاٹوں کی نیلامی ایک مرتبہ پھر کرنے جا رہا ہے ، پلاٹوں کی ٹرانسفر کے عمل کی بحالی جلد کر دی جائے گی۔