خرچہ گھٹانے کا فیصلہ:سی ڈی اے کے تمام افسروں سے اضافی اور قائم مقام چارج واپس

خرچہ  گھٹانے  کا  فیصلہ:سی ڈی اے کے  تمام  افسروں  سے  اضافی  اور  قائم  مقام  چارج  واپس

اسلام آباد(ماہتاب بشیر ) سی ڈی اے نے سینکڑوں افسروں کو مراعات کی مد میں ون گریڈ اپ عہدوں پر تعیناتی کے بعد خرچے گھٹانے کے لئے پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے ایکٹنگ،لک آفٹر ، کرنٹ ایڈیشنل چارج واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔۔

 عملدر آمد کے لئے انہیں فی الفور شعبہ ایچ آر رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ، واضح رہے اس سے قبل مذکورہ شعبہ کی جانب سے  مختلف گریڈ کے افسر وں کو لک آفٹر ، ایکٹنگ چارج کے نام پر اضافی ون گریڈ اپ کے نوٹیفکیشنز جاری کئے گئے تھے تاہم چیئرمین سی ڈی اے نے گزشتہ روز ان نوٹیفکیشنز کو واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے سروس رولز1992کی سیکشن فور پوائنٹ تھری تھری کے تحت ون گریڈ اپ ، ایکٹنگ و اضافی چارج کسی افسر کو نہیں دیا جا سکتا، دنیا کو دستیاب نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ون گریڈ اپ قواعد کے خلاف ہے ،سی ڈی اے حکام نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ سی ڈی اے سروس رولز کے تحت ایسی کوئی شق موجود نہیں جس کے تحت افسر وں کو ایک گریڈ اوپر، اضافی یا ایکٹنگ چارج دیا جا سکے ،اس وقت لگ بھگ تین سو ساٹھ ایسے افسران موجود ہیں جنہیں ان کے اصل گریڈ کے بجائے ون گریڈ اپ اضافی چارج دیا گیا ہے ، اس کا اصل مقصد مراعات حاصل کرنا ہوتا ہے ، حکام کا مزید بتانا تھا کہ اس وقت سی ڈی اے کے اٹھارہ سو مجموعی ملازمین ہیں جن میں سے سترہ سو کے قریب افسران (گریڈ سترہ سے اوپر) ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں