پاکستان اٹلی کو قابل اعتماد دوست سمجھتا ہے، چیئرمین سینیٹ

 پاکستان اٹلی کو قابل اعتماد دوست سمجھتا ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اٹلی کو ایک دوست اور قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے اور کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی کی سفیرماریلینا ارمیلن سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اٹلی کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں باہمی تعاون میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ، پاکستان اور اٹلی عالمی اورعلاقائی امور پر پر ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی اور دیگر سطحوں پر وفود کے تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت اور دفاعی تعاون جیسے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی گئی ہے۔ اٹلی کے سفیر نے کہا کہ اٹلی بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں