سائبر حملے ، پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو خطرات لا حق، کیسپرسکی
اسلام آباد(نامہ نگار) معروف بین الاقوامی سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے سائبر حملوں کے باعث پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو بھی شدید خطرات لا حق ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے سائبر انٹیلی جنس سمٹ میں کیسپرسکی کی جانب سے دنیا بھر خصوصا ًپاکستان میں سائبر حملوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے کے حوالے سے جائزہ پیش کیا گیا۔ بتایا گیا تاوان کی غرض سے کیے جانے والے سائبر حملے سب سے نمایاں خطرات میں سے ایک ہیں۔ یہ حملے آپریشنز میں شدید خلل ڈال سکتے ہیں، اہم ڈیٹا اور سسٹمز کو ناقابل رسائی بنا سکتے ہیں ،ا عدادوشمار کے مطابق ،2024 کی تیسری سہ ماہی (جولائی-ستمبر) میں پاکستان میں 13.7 فیصد صارفین ویب پر مبنی خطرات کا شکار ہوئے ۔ پاکستان میں مالیاتی شعبے میں سائبر خطرات میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔ جنوری سے اکتوبر 2024 تک کیسپرسکی نے پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بینکنگ اور مالیاتی مالویئر میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ پاکستان میں 2024 کے دس مہینوں میں سپائی ویئر حملوں میں بھی 63 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔