کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالے 9 ملزم گرفتار
راولپنڈی، اسلام آباد (خبرنگار، خصوصی رپورٹر) راولپنڈی پولیس کی کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، 9 ملزم گرفتار کرلیے گئے۔
اسلام آباد سنگجانی کے علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کے دوران 41مشکوک افراد تھانہ منتقل کر دیئے گئے۔ راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنزکیے ، اس دوران گھروں، کرایہ داروں کے کرایہ داری کوائف اور شہریوں کے کوائف کو چیک کیا گیا، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر وقاص، عبدالرزاق، خلیل الرحمن، فرخ، ریاض، جنید، حمزہ الیاس، گلفراز اور عبدالرحمن کو گرفتار کیا گیا۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے تھانہ سنگجانی کے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کے دوران 65مشکوک افراد، 289گھروں اور دکانوں، سرائے ،ہوٹلزاور 75گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو چیک کیا، 41مشکوک افراد کو تھانہ منتقل کیا گیا، ایس پی صدر زون خان زیب کی زیر نگرانی آپریشن میں سی ٹی ڈی، ایف سی، خواتین پولیس افسران سمیت مقامی پولیس نے حصہ لیا۔