جاپان کے تعاون سے 700افراد کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل
اسلام آباد (وقائع نگار)حکومت جاپان کے تعاون سے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم اور اورکزئی کے نوجوانوں کیلئے پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارتوں کا تربیتی پروگرام مکمل ہوگیا ۔ اسلام آباد میں اختتامی تقریب ہوئی۔
3ماہ کے پروگرام میں 700 نوجوان افراد بشمول 375 خواتین کو سیل فون کی مرمت، ایل ای ڈی بلب اسمبلنگ، ماحول دوست پیکجنگ، جیولری سازی، موٹر سائیکل کی مرمت، الیکٹریشن، پلمبنگ، سولر سسٹم اور یو پی ایس کی تنصیب جیسی مہارتوں سے لیس کیا گیا۔ چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہودنے اس موقع پر کہا خواتین کو بااختیار بنانا یوتھ پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ ڈپٹی ریذیڈنٹ یو این ڈی پی وان نگوین نے کہا دیرینہ شراکت داری پر حکومت جاپان کے شکر گزار ہیں۔ جاپان کے عبوری ناظم الامور آئی ٹی او تاکیشی نے کہا شراکت داری کا مقصد معاشی استحکام اور مدد کرنا ہے ۔