پاکستان، آذربائیجان کا مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر اتفاق

پاکستان، آذربائیجان کا مشترکہ منصوبوں کے فروغ  پر اتفاق

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ منصوبوں اور تجارتی شراکت داری پر اتفاق کیا ہے جس کیلئے جلد کام شروع کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر سے گزشتہ روز آذربائیجان کے سفیر نے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ تجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ لگانے اور کاروبار کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں جی ٹو جی اور بی ٹو بی کی بنیاد پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی حکومت کو کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد کے ایم 6اور ایم 9موٹرویز پر سرمایہ کاری کی بھی پیشکش کی اور کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مختلف شعبوں میں بڑے مواقع موجود ہیں۔ آذربائیجان کے سفیر نے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آ ذربائیجان پاکستان سے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرے گا۔ ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے تینوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عبدالعلیم خان کی ہدایت پر آذربائیجان کی حکومت سے نزدیکی رابطہ رکھنے کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ سے فوکل پرسن کی نامزدگی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں