صدر، وزیراعظم آزادکشمیر ملاقات،مسئلہ کشمیر پر گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اندرون و بیرون ملک موثر اور جارحانہ انداز میں اٹھایا جائے گا، آزادی کے بیس کیمپ سے ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں آزادکشمیر کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ ہے، ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ وغاصبانہ قبضے سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جگانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صدر نے کہا آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں، وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔