راولپنڈی میں نئے کنکشنز کیلئے اے ایم آ ئی میٹر قیمتا ً لگیں گے

اسلام آباد (دنیارپورٹ) راولپنڈی سٹی اور کینٹ سرکلز میں بجلی کے نئے کنکشنز کیلئے اے ایم آئی میٹرز کی کیپٹل کاسٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔۔
جبکہ پہلے سے نصب بجلی میٹرز کی اے ایم آئی میٹرز سے تبدیلی کسی بھی اضافی چارجز کے بغیر کی جا رہی ہے، پراجیکٹ ڈائریکٹر اے ایم آئی سید محسن رضا گیلانی نے بتایا کہ پراجیکٹ ایریا میں تقریباً 6لاکھ پرانے میٹرز کو نئی اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل اے ایم آئی میٹرز سے کسی بھی چارجز کے بغیر تبدیل کیا جا چکا ہے، بجلی کے نئے کنکشنز کے حصول کیلئے لگائے جانے والے اے ایم آئی میٹرز کی قیمت کا تعین کر دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز 20میٹر کیبل کے ساتھ 35000، 30میٹر کیبل کے ساتھ 36500اور 40میٹر کیبل کے ساتھ 38000، تھری فیز اے ایم آئی میٹرز 20میٹر کیبل کے ساتھ 65000، 30میٹر کیبل کے ساتھ 72000کا اور 40میٹر کیبل کے ساتھ 79000کا لگے گا۔ جن علاقوں میں تھری فیز اے ایم آئی میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں ان صارفین کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت حاصل کرنے کیلئے گرین میٹر لگانے اور اضافی پے منٹ کرنے کی بھی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔