قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کیلئے پانڈا بانڈز اہم، ماہرین

اسلام آباد(نامہ نگار)ماہرین نے پاکستان کی قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لئے پانڈا بانڈز کو ایک اہم مالیاتی ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پائیدار سرمایہ کاری کو متحرک کرنے، قرضوں کی تنظیمِ نو اور سبز بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے قرار دیا کہ پانڈا بانڈز یوروبانڈز کے مقابلے میں کم شرحِ سود اور بہتر مالیاتی شرائط کے حامل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ماہرین نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیرِ اہتمام منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزارتِ خزانہ کے مطابق حکومت پانڈا بانڈ کے ساتھ گرین سکوک بھی جاری کرنے جا رہی ہے جو پائیدار مالیاتی ڈھانچے کے قیام کے لئے ایک اہم قدم ہوگا۔ ماہرین نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قرضوں کی دانشمندانہ تنظیم کے لئے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا۔ ویبینار سے وزارتِ خزانہ کے ڈیبیٹ مینجمنٹ آفس کے ڈائریکٹر ایرج ہاشمی ، سابق ایم ڈی حمید شریف، سینئر ایڈوائزر برائے انرجی چائنہ اور سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے خطاب کیا۔