صوبائی وزیر کا سہولت بازار کا دورہ، معیار اور قیمتوں کا جائزہ

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے رمضان سہولت بازار علامہ اقبال پارک راولپنڈی کا دورہ کیا۔
انہوں نے بازار میں فروخت کی جا رہی اشیاء کے معیار اور حکومتی نرخوں کے حساب سے اشیائے خورونوش کی فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے خریداری کرنے والوں سے سرکاری نرخوں کے حوالے سے رائے بھی حاصل کی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رمضان سہولت بازاروں میں سرکاری نرخوں کے حساب سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کھانے کی اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے رمضان سہولت بازار میں قائم شکایات سیل اور میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔