کاروباری افراد کیلئے پہلا ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز (ICSTSI) نے کاروباری افراد کیلئے پاکستان کا پہلا ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم کر دیا جس کا مقصد عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے۔
ICSTSI اور وز ایکس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ٹریننگ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے، اس پیشرفت کے روح رواں صدر چیمبر اویس ستی کے ساتھ معاہدہ کی تقریب میں سینئر نائب صدر شیخ طیب، نائب صدر سردار ظہیر، وزایکس انسٹیٹیوٹ کی سی ای او مہرین طارق، منیجنگ ڈائریکٹر عبدالصبور بھی موجود تھے۔ اویس ستی نے اس موقع پر کہا یہ انقلابی قدم کاروباری عمل، ڈیجیٹل تبدیلی، بین الاقوامی تجارتی حکمت عملیوں اور کاروباری ترقی پر توجہ مرکوز کرے گا۔ کاروباری افراد، تاجر اور صنعت کار عملی تربیت کے بعد اپنا کاروبار بہتر طریقے سے چلا سکیں گے۔