ہنی ٹریپ میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 16 ملزم گرفتار
راولپنڈی (خبر نگار) ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کاشف ذوالفقار نے کہا ہنی ٹریپ سے شہریوں کو لوٹنے والے دو گروہوں میں شامل 5پولیس اہلکاروں اور 3خواتین سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ساڑھے 7لاکھ روپے اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس اہلکار گروہ ممبران کی پشت پناہی کرتے اور ہنی ٹریپ کے شکار افراد کو بلیک میل کرکے رقم بٹورتے تھے، 60 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیاگیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا صدر بیرونی پولیس نے گروہ کی سرغنہ پاکستانی نژاد افریقی خاتون مرینہ خان، اس کے شوہر بلال سمیت فاروق، طیب، کامران اور عبدالجبار کو گرفتار کیا اور ان سے اڑھائی لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد کیا۔ مرینہ خان سوشل میڈیا پر شہریوں کو ملاقات کیلئے بلاتی تھی۔ صادق آباد پولیس نے آفتاب عرف تابی گینگ گرفتار کر کے 5 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد کیا ، گینگ میں حمزہ، شان، ہاجرہ، عظمیٰ، مبشر، رضا، فضل ، نعمان اور افضال شامل ہیں، ہاجرہ سوشل میڈیا ایپس پر شہریوں کو ملاقات کیلئے بلاتی اور پھر نازیبا ویڈیوز، تصاویر سے بلیک میل کرتی تھی۔