وزیر صحت سے یونیسف کے نمائندہ کی ملاقات، تعاون پر گفتگو
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداﷲ فاضل نے ملاقات کی جس میں صحت کے مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون، بہتری اور فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبداﷲ فاضل نے وفاقی وزیر کو صحت کے شعبے میں یونیسف کے اہم اقدامات اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا ، فریقین نے صحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ملک بھر میں ریفرل سسٹم اور بنیادی مراکز صحت کی کمی کے باعث بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ اس مسئلے کا واحد پائیدار حل ٹیلی میڈیسن ہے ، جو آنے والے وقت میں ہر شہری کو صحت کی سہولیات اس کی دہلیز پر مہیا کرے گا۔ حکومت صحت کی سہولیات کی عوام تک رسائی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔