جینیاتی تحقیق کی صلاحیت مستحکم کرنے کیلئے کوشاں، ڈاکٹر بھرتھ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر مملکت قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین جینیاتی تحقیق میں اشتراک کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان میں جینیاتی تحقیق کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کیلئے پیش رفت کی جارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این آئی ایچ کے سربراہ سے چین کے معروف ادارے بی جی آئی گروپ سے تعاون کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا، اس موقع پر بی جی آئی گروپ کے ساتھ تعاون کے فروغ ،روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا ،بی جی آئی گروپ نے پاکستان کے صحت کے شعبے کی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاک چین اشتراک سے خصوصا ًجینیاتی ٹیسٹنگ، نایاب بیماریوں کی تحقیق اور تشخیص کی جائے گی ۔ آئندہ نسلوں کے فائدے کے لیے جین بینک کا قیام کی تجویز بھی شامل ہے ، پاکستان چین سائنسی تعاون سے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور روک تھام کا نیا دور شروع ہو گا ۔ پاکستانی وفد بی جی آئی گروپ کی تھیلیسیمیا، تولیدی صحت اور کینسر ریسرچ کا جائزہ لے گا ،قومی ادارہ صحت پاکستان کے جینیاتی اہداف پر مبنی مفصل سفارشات مرتب کرے گا جس میں پاکستان کے جینیاتی صحت کے اہداف ضروریات اور ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے بی جی آئی گروپ کی جانب سے چین میں ان کی سہولیات کے لئے پاکستانی وفد کو دورہ کی دعوت کا خیر مقدم کیا ۔