سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی : جدید تھیم پارک، فیئر زو ہیل، کیبل کار فیزیبلٹی ڈیزائن کیلئے پی سی ٹو کی منظوری

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی : جدید تھیم پارک، فیئر زو ہیل، کیبل کار  فیزیبلٹی ڈیزائن کیلئے پی سی ٹو کی منظوری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، چیف کمشنر اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 75 ویں اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس نے اسلام آباد کے سیاحتی انفراسٹرکچر اور تفریحی سہولیات بہتر بنانے کیلئے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی جن میں جدید ترین تھیم پارک، بین الاقوامی معیار کے مطابق فیئرز وہیل اور اسلام آباد کے گردونواح کے دلکش مناظر پیش کرنے والی کیبل کار سسٹم کیلئے فیزیبلٹی سٹڈیز اور تفصیلی ڈیزائن تیار کرنے کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کیلئے پی سی ٹو کی منظوری شامل ہے ۔ فیزیبلٹی چھ ماہ میں مکمل ہونے کے بعد ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد شہر کو اعلیٰ سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ منصوبے سی ڈی اے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ بنیادی شہری ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرے۔ کنسلٹنٹس تکنیکی سٹڈی اور فیزیبلٹی رپورٹ کے بعد ٹرانزیکشن ایڈوائزرز عالمی معیار کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے نگرانی کریں گے۔ ادھر قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، اسلام آباد کی ترقی و خوشحالی، بیوٹیفکیشن اور ماحول دوست پودے لگانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین نے تجویز پیش کی کہ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایک سڑک کا نام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح جبکہ قازقستان کے قومی شاعر آبائی قونانبائی کے نام پر اسلام آباد میں ایک سڑک کا نام رکھا جائے، منظوری کے بعد نام کی نقاب کشائی کی تقریب قازقستان کے صدر کے رواں برس دورہ پاکستان کے موقع پر کی جائے گی۔ سفیر نے سی ڈی اے کے تمام منصوبوں میں اپنے ملک کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور طے پایا کہ سی ڈی اے اور قازقستان کے سفارتخانے کے درمیان رابطے کیلئے دونوں طرف سے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں