آئسولیشن ہسپتال،انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹر 1سال سے غیر فعال
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) وزارت قومی صحت کے ماتحت200بیڈز کا آئسولیشن ہسپتال اور انفکیشن ٹریٹمنٹ سینٹر (آئی ایچ آئی ٹی سی ) گزشتہ ایک سال سے غیر فعال ہے ، ملازمین ودیگر اخراجات کی مد میں مختص بجٹ میں سے گزشتہ مالی سال 2024-2025میں تین کروڑ چھ لاکھ73 ہزار روپے کے اخراجات کیے گئے ۔
گزشتہ مالی سال میں 48کروڑ 8لاکھ روپے بجٹ مختص کیا گیاتھا،رواں مالی سال2025-2026 میں 48 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ وزارت نے اسے نجی شعبہ کے ذریعے چلانے کافیصلہ کیا گیاتھا۔ آئسولیشن ہسپتال اور آئی ایچ آئی ٹی سی کو 2020-2021 میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے بنایا گیاتھا ۔ وزارت نے چار سال میں آئی ایچ آئی ٹی سی کا کوئی مستقل سربراہ تعینات نہیں کیا ۔ وزارت نے تین ماہ قبل آئسولیشن ہسپتال او رانفکیشن ٹریٹمنٹ سینٹر کو ختم کرکے اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی تعمیر کافیصلہ کیاتھا تاہم یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے لیکن اسے فعال کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔