جرائم کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا : آئی جی پولیس

جرائم کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا : آئی جی پولیس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر کی زیر صدارت اعلیٰ پولیس افسروں کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 انہوں نے قیام امن، شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور شرپسند عناصر کا انسداد یقینی بنانے کی ہدایات دیں، جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے کہا منشیات فروشوں، راہزنوں، ڈکیتوں، گاڑی و موٹرسائیکل چوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ آئی جی نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، شکایات کا فوری ازالہ اور موثر کمیونٹی پولیسنگ یقینی بنانے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔ دریں اثنا آئی جی اسلام آباد شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے، انہوں نے شہید کے بچوں سے ملاقات کی اور فیملی کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں آئی جی کی ہدایت پر سینئر پولیس افسران نے بھی شہدا کے گھروں کا دورہ کیا اور ان کے اہلخانہ کو تحائف پیش کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں