پائیدار ترقی کیلئے مضبوط ادارے ناگزیر، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف کنسلٹنگ انجینئرز ایشیا پیسیفک مڈ ایئر کانفرنس 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے مضبوط ادارے اور شفاف نظام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کے انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر کے شعبے کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی دیانت داری، تکنیکی مہارت اور جامع ترقی کے فروغ کیلئے اقدامات اور اصلاحات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا ایسی قانون سازی کی بھرپور حمایت کرے گا جو انجینئرنگ کے شعبے میں پروکیورمنٹ کے نظام کو مؤثر بنائے، اخلاقی اصولوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تنازعات کے حل کے نظام کو فروغ دے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کی پاکستان کیلئے مالی معاونت کو سراہا اور ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان (ACEP)کو ایشیا پیسیفک خطے اور دنیا بھر سے ماہرین کو اکٹھا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اے سی ای پی کے صدر وسیم اصغر نے شرکا کو کانفرنس کے دوران زیربحث اہم موضوعات سے آگاہ کیا۔