ڈی سی، ایم ڈی واسا کا بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
راولپنڈی(احمد بھٹی)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی سمیت ریسکیو حکام کے ہمراہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈی سی اور ایم ڈی واسا نے فوجی کالونی کا دورہ کیا اور سیلاب کے بعد کی جانے والی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فوجی کالونی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل امداد کی جائے گی، سیلاب کی تباہ کاریوں کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا، فوجی کالونی میں ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، شہر میں دفعہ 144نافذ ہے، نالہ لئی کے اردگرد قائم تجاوزات ختم اور تمام علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔