یوم آزادی اور معرکہ حق کو منانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں : چیئرمن سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر یوم آزادی اور معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اور یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں اسلام آباد میں عمارات پر قومی پرچم لہرانے ، چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر خوبصورت لائٹنگ کرنے ، ڈیجیٹل سٹریمرزاور ایل ای ڈیزسے وفاقی دارالحکومت کو سجانے کافیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ معرکہ حق کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی، مختلف شاہراہوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجا نے ، ثقافتی تقاریب، آتش بازی، ملی نغموں کے مقابلوں اور عوامی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے ۔اسی طرح سکولوں کے طلبا کے درمیان تقریری مقابلے ، پینٹنگ، ملی نغموں کے مقابلے اور ٹیبلو شوز کا بھی انعقاد کیا جائے، تمام 279 پارکس کوخوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے، شہر میں چلنے والی الیکٹریکل اور دیگر بسوں پر معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے برینڈنگ کی جائے اور معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا ئیں۔ شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد ہماری بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں تمام نالوں کی ہائیڈرولوجیکل سٹڈی کروائی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے آبی وسائل کا بہتر استعمال اور انتظام کو مزیدمؤثر بنایا جائے ۔چیئر مین نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں تمام قواعد و ضوابط کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔