جامعہ گجرات، 25 کروڑ کے جامع سکالرشپ پیکیج کا اعلان

  جامعہ گجرات، 25 کروڑ کے جامع سکالرشپ پیکیج کا اعلان

4200 سے زائد طلبہ مستفید ہونگے، 1000 یتیم، سنگل پیرنٹ طلبہ شامل، وی سی

 گجرات (پ ر)جامعہ گجرات کا 52واں سنڈیکیٹ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق (تمغہ امتیاز) کی زیر صدارت حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ اجلاس میں اراکینِ سنڈیکیٹ نے آن لائن اور بالمشافہ شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے خطاب میں سنڈیکیٹ کی مسلسل رہنمائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گجرات نے جنوری 2025ء سے اب تک ادارہ جاتی نظم و ضبط، شفافیت، اور اصلاحات پر مبنی انتظامی نظام کے تحت نمایاں ترقی کی ہے ۔ نئی ورک لوڈ پالیسی اساتذہ کے لیے ہفتہ وار 40 گھنٹے کے کام کے اوقات مقرر کرتی ہے اور اس کے نتیجے میں سالانہ 10 کروڑ روپے سے زائد کی بچت متوقع ہے۔

پنجاب پروکیورمنٹ رولز کے مطابق پی ایس او سے براہ راست ایندھن کی خریداری سے یونیورسٹی کو سالانہ تقریباً 9 کروڑ روپے کی اضافی بچت ہوگی۔طلبہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے 25 کروڑ روپے مالیت کے جامع سکالرشپ پیکیج کا اعلان کیاجس سے 4200 سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے ۔ سکالرشپ سے مستفید ہونے والے طلبہ میں تقریباً 1000 یتیم اور سنگل پیرنٹ طلبہ شامل ہیں۔ ان مالی معاونتوں کے باوجود یونیورسٹی مالی طور پر مستحکم ہے اور موجودہ سمسٹر میں 1.1 ارب روپے کی آمدنی حاصل کر چکی ہے ۔وائس چانسلر نے بتایا کہ 36 نئے تعلیمی پروگرامز کی منظوری دی گئی ہے ، جن میں سے 13 رواں سال شروع کیے گئے ہیں۔

ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026ء میں ریسرچ کوالٹی کے لحاظ سے یونیورسٹی 363ویں نمبر پر اور پاکستان کی دس بہترین جامعات میں شامل ہوئی ہے ۔ سنڈیکیٹ کے اراکین نے جامعہ کی کامیابیوں، مستحکم مالی نظم، بڑھتی ہوئی شہرت، اور جامع تعلیمی پالیسیوں کو سراہا۔ اراکین نے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق و اطلاق کے علاوہ فنانس و پلاننگ کمیٹی کے 33ویں اجلاس کی سفارشات و تجاویز اور اکڈیمک کونسل کے 27ویں اجلاس کی سفارشات و فیصلوں کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں سنڈیکیٹ اراکین وقار چیمہ، طارق سبحانی،پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود ،سمیرا الٰہی،صفیہ جاوید ، ڈاکٹر شاہد اقبال، ڈاکٹر زاہد یوسف اور پروفیسر ڈاکٹر فیصل شامل تھے ۔ تاشفین صفدر، زاہدہ اظہر اور دیگر نے شرکت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں